نئی دہلی، 24دسمبر،24دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بچوں کے حقوق کیلئے مقبول باڈی این سی پی سی آر نے تمام ریاستی حکومتوں سے یہ اپیل کی ہے کہ وہ مقامی باڈی اور پنچایتی راج انتخابات کیلئے ان امیدواروں کونااہل اعلان کر دیں جو اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیجتے۔قومی اطفال حقوق تحفظ کمیشن(این سی پی سی آر)کی طرف سے کی گئی سفارش کے مطابق، کسی امیدوار کو اپنے بچے کے اسکول سے اس بابت ایک سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہے کہ اس کا بچہ فلاں ا سکول میں پڑھتا ہے اور باقاعدہ طور پر موجود رہتا ہے۔یہ صرف ان امیدواروں کے لئے ہے جن کے بچے 6-14سال کی عمر کے ہیں۔این سی پی سی ار کے رکن(آر ٹی آئی اور تعلیم)پریانک کانونگو نے کہا کہ ہم نے ریاستی حکومتوں سے مقامی باڈی کے انتخابات اور پنچایتی راج اداروں کے انتخابات کے لئے الیکشن کے قوانین میں ترمیم کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ جو کوئی بھی الیکشن لڑنا چاہتا ہے، اسے اپنے بچے کے اسکول سے اس بابت ایک سرٹیفکیٹ پیش کرنا ضروری ہے کہ اس کا بچہ فلاں اسکول میں پڑھنے جاتا ہے اور باقاعدہ طور پر اسکول میں موجود رہتا ہے۔اگر شخص یہ کرنے میں ناکام رہتا ہے تو وہ الیکشن لڑنے کا اہل نہیں ہونا چاہئے۔کانونگو نے یہ بھی کہا کہ یہ تجویز آئین کی 86ویں ترمیم سے لیا گیا ہے جس میں آرٹیکل 21اے ڈالی گئی ہے اور تعلیم کو بنیادی حق بنایا گیا ہے۔